کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں کورونا کی صورتحال پر غور کیا گیا اور صوبے میں ویکسی نیشن کے اعدادو شمار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کی جائیں۔
رواں سال 7 کروڑ افراد کی ویکسینیشن کا ٹارگٹ ہے، این سی او سی مراد علی شاہ نے وزارت خزانہ کو ہدایت دی ہےکہ ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کی تنخواہیں جولائی سے بند کی جائیں۔
دوسری جانب سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک 15 لاکھ 50 ہزار 553 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے جن میں سے 11 لاکھ 21 ہزار افراد پہلی ڈوز اور 4 لاکھ 29 ہزار افراد دوسری ڈوز لگوا چکے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 78 ہزار 799 افراد کو ویکسین لگائی گئی جن میں سے 57 ہزار 541 افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی اور 21 ہزار 258 افراد کو دوسری ڈوز لگائی گئی۔
دوسری جانب این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک 79 لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل کی جا چکی ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ رواں برس ملک میں 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ْ