اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا ویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔
نوشین حامد نے کہا کہ کورونا ویکسین کے لیے حکومت فنڈ اکٹھا کر رہی ہے، 2021 کی دوسری سہ ماہی میں ویکسین لگانا شروع کر دیں گے اور ویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے شروع میں ایک لیبارٹری تھی لیکن اب 150 سے زائد لیبارٹریز ہیں، بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھائی گئی تھی۔
نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 2500 آکسیجن بیڈ کا اضافہ کیا ہے مگر وینٹی لیٹرز سے زیادہ ضرورت آکسیجن بیڈ کی ہے۔
واضح رہےکہ حکومت نے کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کیا ہے، پیر کے روز این سی او سی کی جانب سے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی تھی اور گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے ویکسین کی خریداری کے لیے 150 ملین ڈالر مختص کرنے کی منظوری دی۔
ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران ہلاکتوں اور کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 75 ہلاکتیں ہوئیں جو ساڑھے چار ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 35197 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2829 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8166 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 3311 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 49780 ہے۔