سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر صحت فہد عبدالحمن الجلاجل نے توقع ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں کرونا کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی نگہداشت میں زیادہ تر وہ لوگ ہیں جنہوں نے ویکسین کا کورس مکمل نہیں کیا ہے۔
اس سے قبل آج سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے 2,585 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور دو اموات ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز کرونا کے 375 مریض صحت یاب ہوگئےجس کے بعد صحت یاب ہونے والے کیسز کی کل تعداد 543,129 ہوگئی۔
گذشتہ پیر کو سعودی عرب نے ایک دن کے اندر کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں 70 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا اور ایک ہی دن میں کرونا سے متاثر ہونے والے سنگین کیسز کی تعداد میں بھی 50 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ملک میں کرونا وائرس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
کرونا وائرس کی پیش رفت کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد العبدالی نے کہا کہ کوویڈ 19 کی پچھلی لہریں کئی مراحل سے گزری ہیں لیکن آخری لہر ’سب سے زیادہ غیر متنازعہ‘ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کرونا کی لہر تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔ سعودی عرب کے آس پاس کے ممالک میں بھی وائرس کے کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔