کرونا وائرس: ابوظبی میں داخلے اور خروج پر پابندی میں مزید ایک ہفتے توسیع

Abu Dhabi

Abu Dhabi

ابوظبی (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ابوظبی میں لوگوں کے داخلے اور وہاں سے خروج پر عاید پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔ البتہ اب ابوظبی کے مکین اب کسی اجازت نامے کے بغیر امارت کے دوسرے علاقوں العین اور الظفرہ میں آ اور جاسکتے ہیں۔

ابو ظبی کے میڈیا دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ کووِڈ-19 کے ٹیسٹوں کے بعد کیسوں کی تعداد کے حوالے سے اچھے اشارے ملے ہیں اور اب ابوظبی کے مکین منگل 23 جون صبح چھے بجے سے آزادانہ نقل وحرکت کرسکتے ہیں۔‘‘

ابوظبی کی حکومت نے ابتداً 2 جون کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے امارت میں داخلے اور وہاں سے خروج پر ایک ہفتے کی پابندی عاید کی تھی۔اس کے تحت ابوظبی کے مکین یو اے ای میں شامل دوسری امارتوں میں نہیں جاسکتے تھے اور ان کے مکین اور شہری ابوظبی میں داخل نہیں ہوسکتے تھے۔

تاہم حکومت نے اشیاء اور ڈاک کی تقسیم کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔پرمٹوں کے حاملین کو بھی نقل وحرکت کی اجازت ہے۔ تاہم مزدوروں کے اماراتی دارالحکومت میں تاحکم ثانی داخلے پر پابندی برقرار ہے۔

یو اے ای نے آج سوموار تک کرونا وائرس کے 44925 کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ان میں 32415 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 302 وفات پا چکے ہیں۔

دبئی میں سفری پابندیوں میں نرمی
ایک روز قبل ہی امارت دبئی نے اپنے ہوائی اڈوں پر سمندر پار سے آنے والے سیاحوں کا سات جولائی سے خیرمقدم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ کارآمد اقامتی ویزے کے حامل غیرملکی شہری 22 جون سے امارت میں واپس آسکتے ہیں۔

دبئی نے اپنے شہریوں اور مکینوں کو بھی 23 جون منگل سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے لیکن اس کی شرط یہ عاید کی ہے کہ میزبان ملک انھیں قبول کرنے پر آمادہ ہوں۔ نیز وہ ممالک کرونا وائرس کے حوالے سے کم خطرے کے حامل ہوں۔

دبئی میڈیا دفتر کے مطابق ’’دبئی اسپریم کمیٹی برائے کرائسس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ نے سمندر پار سے تعلق رکھنے والے سیاحوں اور زائرین کے 7 جولائی سے خیر مقدم کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نئے فیصلے دبئی کے ہوائی اڈوں سے سفر کرنے اور یہاں اترنے والے تمام مسافروں کی صحت کے تحفظ اور بھلائی کے لیے حفاظتی احتیاطی اقدامات اور پروٹوکولز کے مطابق کیے گئے ہیں۔‘‘