کرونا وائرس کا بحران بد سے بدتر اور بدترین ہو سکتا ہے: ڈبلیو ایچ او

General Tedros

General Tedros

جنیوا (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ اگر تمام اقوام نے تحفظ صحت کے لیے بنیادی حفاظتی تدابیر پر توجہ نہیں دی تو کرونا وائرس کی وبا بدترین شکل اختیار کر لے گی۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس ادانوم غیبریوسس نے جنیوا میں ادارے کے صدر دفاتر میں ایک ورچوئل بریفنگ میں کہا ہے کہ ’’میں کھلے لفظوں میں کہنا چاہتا ہوں،بہت سے ممالک غلط سمت کی جانب گامزن ہیں۔وائرس عوام کا بدستور نمبر ایک دشمن رہے گا۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’ اگر بنیادی چیزوں کی پاسداری نہیں کی جاتی ہے،تو پھر یہ وَبا صرف ایک ہی راستے کی جانب آگے بڑھے گی اور یہ بد سے بدتر اور بدترین شکل اختیار کر جائے گی لیکن اس کو اس طرح نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

دنیا بھر میں آج تک کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ پانچ روز میں دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں دس لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کے 196 ممالک اور علاقوں میں کروناوائرس سے پانچ لاکھ 70 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔