کرونا وائرس: قطر میں 1365 نئے کیس ریکارڈ ،19 آئی سی یو میں داخل

Coronavirus

Coronavirus

دوحہ (اصل میڈیا ڈیسک) قطر نے سوموار کے روز کرونا وائرس کے 1365 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ملک میں اب اس مہلک وبا کا شکار فعال کیسوں کی تعداد 29055 ہوگئی ہے۔

قطر کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں 19 افراد کو ان کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل ہوگیا ہے۔اس وقت آئی سی یو میں داخل مریضوں کی تعداد 172 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق قطر میں کرونا وائرس کا شکار 15 افراد کی اموات ہوئی ہیں اور 4899 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

قطری حکومت نے گذشتہ بدھ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

قطر میں آبادی کے تناسب سے کرونا وائرس کے زیادہ کیس منظرعام پر آئے ہیں۔اس کی کل آبادی صرف ساڑھے27 لاکھ ہے لیکن کل کیسوں کی تعداد قریباً 34 ہزار ہوچکی ہے۔ قطر خلیج تعاون کونسل کے رکن چھے ممالک میں کرونا کے کیسوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔

قطر نے اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام غیر ضروری کاروباروں کو تاحکم ثانی بند کررکھاہے۔ البتہ سپر مارکیٹیں اور دواخانے بدستور کھلے ہیں۔قطری حکومت نے 17 مارچ کو مساجد کو بند کرنے کا حکم دیا تھا اور جمعہ سمیت پنج وقتہ نمازوں کی باجماعت ادائی کو موقوف کردیا تھا۔