دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) امارت دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ نے نئے سال کے آغاز پر کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 30 سے زیادہ افراد کے خاندانی یا سماجی اجتماعات منعقد کرنے پر پابندی عاید کر دی ہے۔
کمیٹی نے ہفتے کے روزایک بیان میں کہا ہے کہ ’’جو کوئی اس پابندی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اور تقریب یا اجتماع منعقد کرے گا،اس کو 50ہزار درہم (13 ہزار ڈالر)جرمانہ عاید کیا جائے گا اور ایسی کسی تقریب میں شرکت کرنے والے ہر فرد کو 15 ہزار درہم (چار ہزار ڈالر) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔‘‘
کمیٹی کا کہنا ہے کہ اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چھاپا مار کارروائیاں کی جائیں گی۔
کمیٹی نے وضاحت کی ہے کہ تیس سے کم افراد کے کسی بھی اکٹھ کی صورت میں ہر فرد کے لیے چارمربع فٹ کا رقبہ مختص ہونا چاہیے۔
کمیٹی نے ضعیف العمر یا دائمی امراض کا شکار افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے سال کے موقع پر منعقد ہونے والے ایسے اجتماعات میں شرکت سے گریز کریں۔نیزاگر کسی شخص کو کھانسی یا بخار ایسی علامات ظاہر ہورہی ہیں،اس کو بھی ایسے اجتماعات میں شرکت سے گریز کرنا چاہیے۔