جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے معتبر میڈیا تک زیادہ سے زیادہ رسائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نے یورپ کے سامنے بالخصوص اطلاعات کی ترسیل کے حوالے سے نئے چیلنجز کھڑے کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے اس دور میں آج میڈیا کی اہمیت اور معتبر اطلاعات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
جرمن چانسلر منگل کے روز یورپی یونین میڈیا پالیسی پر یوروپی یونین کے رہنماؤں کی ایک ڈیجیٹل کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ یہ کانفرنس یورپی یونین کاونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد جرمنی کے کردار کے حصہ کے طور پر منعقد کی گئی تھی۔ اس کانفرنس میں جرمنی کی میڈیا وزیر مونیکا گراٹرس اوریورپی یونین کی اقدار و شفافیت کی نائب صدر ویرا جورووا نے بھی حصہ لیا۔
چانسلر میرکل نے کہا کہ اس وبا نے یورپ اورمیڈیا کے سامنے نئے چیلنجز کھڑے کردیے ہیں۔”ایسے حالات میں یہ بہت زیادہ اہم ہے کہ ہمارے پاس معتبر معلومات ہوں اور اس حوالے سے میڈیا اور صحافت پر بڑ ی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی قدریں نیز تنوع اور آزادی اس بحران پر قابو پانے کے لیے بنیاد فراہم کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بلاک مشترکہ طور پر ایک ایسا طریقہ کار وضع کرے گا جو میڈیا کی آزادی اور تکثیریت کو برقرار رکھے گا۔
میڈیا کی وزیر گراٹرس کا کہنا تھا کہ میڈیا کے تنو ع کو بالخصوص ایسے دور میں محفوظ رکھنے کی زیادہ ضرورت ہے ”جب ایک طرف اطلاعات کا سیلاب ہو لیکن دوسری طرف مارکیٹ پر عملاً کچھ لوگوں کی اجارہ داری ہو۔”
گراٹرس نے کہا کہ سوشل نیٹ ورکوں کی طرف سے زیادہ شفافیت برتنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہنماوں کو اس بات پر ضرور غور کرنا چاہیے کہ آخر کچھ خبریں دیگر خبروں کے مقابلے میں زیادہ برق رفتاری سے اور زیادہ وسیع پیمانے پر کیوں پھیل جاتی ہیں اور یہ کہ ان کے لیے پیسے کون دیتا ہے؟ جرمنی کی میڈیا وزیر کا کہنا تھا کہ گمراہ کن اطلاعات اور اظہاررائے کی آزادی پر رکاوٹ کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت جرمنی یورپی یونین کونسل کا صدر ہے۔ اس نے گزشتہ یکم جولائی کو عہدہ صدارت سنبھالا تھا۔
گراٹرس نے بتایا کہ جرمنی نے یورپی یونین سے میڈیا ایلگورتھم کی شفافیت اور معتبر مواد کی تلاش کو سہل بنانے کے حوالے سے یورپ کی سطح پرایک جامع مباحثہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وبا نے یہ ثابت کردیا ہے کہ بحث و مباحثہ کا کلچر اور مختلف نظریات کے درمیان رواداری کتنا اہم ہے۔
ڈی ڈبلیو کے ڈائریکٹر جنرل پیٹر لمبورگ بھی اس کانفرنس میں موجود تھے۔