ووہان (اصل میڈیا ڈیسک) چین کی حکومت نے کہا ہے کہ 25 جنوری تک 1975 افراد کے ‘کورونا’ وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہوئی ہے اور اس وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔
دوسری طرف ‘کورونا’ وائرس کو عالمی وباء قرار دیتے ہوئےاس کے انسداد کے لیے عالمی سطح پر مزید اقدامات پر زور دیا جا رہا ہے۔
یہ وائرس گذشتہ سال کے آخر میں وسطی چین کے صوبہ ھوبی کے ووہان شہر میں ظاہر ہوا تھا۔ اس کے بعد یہ پھیلتے ہوئے بیجنگ، شنگھائی، امریکا ، تھائی لینڈ ،جنوبی کوریا ، جاپان ،آسٹریلیا ، فرانس اور کینیڈا تک پہنچ گیا ہے۔ چین کے کئی شہر اس کی لپیٹ میں ہیں۔
کینیڈا کی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹورنٹو میں صحت عامہ کے حکام کو کورونا وائرس کے پہلے تصدیق شدہ کیس کی اطلاع ملی ہے۔ اس وائرس سے متاثرہ ایک شہری حال ہی میں چین کے ووہان شہر سے واپس آیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرس سے متاثرہ شخص کی حالت بہتر ہے اور اسپتال میں اس کا علاج جاری ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق پچاس سالہ ایک شہری 22 جنوری کو ٹورنٹو پہنچا تھا۔ اسے سانس میں تکلیف کے بعد اگلے دن اسے اسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
اونٹاریو کے صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ وہ ٹورنٹو ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد ایک نجی کار میں سوار ہوئے۔ متاثرہ شخص کو اس کے خاندان سے الگ رکھا گیا ہے۔
اگرچہ کورونا وائرس کی وجہ سے چین کے لیے کئی عالمی پروازیں معطل ہیں مگر اس کے باوجود نئے قمری سال کی تعطیلات کے موقعے پر لاکھوں چینی اندرون اور بیرون ملک سفر کریں گے جس کے نتیجے میں اس وائرس کے مزید پھیلنے کا اندیشہ ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ نیا کورونا وائرس “چین میں ایمرجنسی کی حالت” کی نشاندہی کرتا ہے تاہم عالمی سطح پر اس حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
ہفتہ کو لندن کے امپیریل کالج میں متعدی بیماریوں کے ماہرین کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ وباء ایک عالمی صحت کے واضح خطرے کی نشاندہی کرتی ہے۔