نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، بدھ کو ایک دن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 293 اموات کے نتیجے میں بھارت میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق بدھ کا دن بھارت میں کورونا وبا کے حوالے سے اب تک کا سب سے تباہ دن رہا۔ جہاں ایک دن میں دنیا میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 60 ہزار 960 نئے کیسز کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔ جبکہ 3 ہزار سے زائد اموات کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ ایک ہزار 187 تک جا پہنچی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر اور نئی دہلی میں کورنا کی تباہ کن صورتحال کے باعث صحت کے نظام اور شمشان گھاٹوں کو بے پناہ دباؤ کا سامنا ہے، لاشوں کی بھرمار کے باعث کار پارکنگز کو شمشان گھاٹوں میں تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ مسلسل چتائیں جلنے کے باعث لکڑی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بدھ کو بھارتی حکومت کی جانب سے 18سال زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوتے ہی حکومتی ویب سائٹ اور ایپلی کیشن کا سرور ڈاؤن ہو گیا۔