کویت (اصل میڈیا ڈیسک) کویت نے یکم جنوری تک تمام تجارتی پروازیں اور اپنی زمینی اور سمندری سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کویتی حکومت نے کرونا وائرس کی نئی لہر کے بعد دوسرے ممالک کی دیکھا دیکھی ان نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے تاکہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قبل ازیں آج ہی برطانیہ کے لیے تمام پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی ہے اور اس کو کرونا وائرس کے انتہائی خطرے سے دوچار ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی لہر پھیلنے کے بعد دنیا کے متعدد ممالک نے اس کے ساتھ سفری روابط منقطع کر لیے ہیں۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ہفتے کے روز لندن اور دوسرے علاقوں میں کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نئی سخت پابندیاں نافذ کردی تھیں اور کہا تھا کہ کرسمس سے قبل کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ان کے پاس اس کے سوا کوئی چارۂ کار نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی نئی لہرزیادہ خطرناک ہے۔