یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ابوظبی میں داخلے اور وہاں سے خروج پر عاید پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔اس پابندی کا اطلاق منگل 16 جون سے ہوگا۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے اطلاع دی ہے کہ ’’ابو ظبی کی ہنگامی اور کرائسس کمیٹی برائے کووِڈ-19 وَبا نے سوموار کو ابو ظبی پولیس اور محکمہ صحت کے ساتھ رابطے کے بعد امارات اور اس میں شامل علاقوں العین اور الظفرہ میں لوگوں کے داخلے اور وہاں سے خروج پر عاید پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
یو اے ای کے دارالحکومت ابوظبی میں 2 جون کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے شہریوں اور مکینوں کی نقل وحرکت پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔اس میں اب دوسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔
اس حکم کے تحت یو اے ای میں شامل دوسری امارتوں کے مکین اور شہری ابوظبی ،العین اور الظفرہ میں داخل نہیں ہوسکتے اور ابوظبی کے شہری اور مکین دوسری چھے امارتوں میں نہیں جاسکتے۔
دریں اثناء امارات ائیرلائن کا ایک مسافر طیارہ سوموار کو دبئی سے بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گیا ہے۔اس طرح دبئی اور بحرین کے درمیان پروازیں باضابطہ طور پر بحال ہوگئی ہیں۔