کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے خطرات سے نمٹنے کیلئے صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیل کے مطابق بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات اور اس کے سدباب کیلئے 21 دن تک جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ کوئٹہ شہر کے تمام بڑے شاپنگ مال اور مارکیٹیں 3 ہفتوں کے لئے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ریسٹورنٹس 3 ہفتوں تک صرف گھروں کے لئے کھانے پینے کی اشیا فراہم کر سکیں گے۔ بین الصوبائی، صوبائی اور انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی 3 ہفتوں کےلئے بند رہے گی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن پر عملدرآمد بروز ہفتہ مورخہ 21 مارچ سے شروع ہوگا۔
دوسری جانب سندھ کے وزیر سعید غنی نے اتوار سے کراچی میں کرفیو کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کراچی میں کرفیو کی خبریں غلط ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ عوام سے صرف گھروں پر رہنے کی اپیل ہے۔ عوام ہفتہ، اتوار اور یوم پاکستان کی عام تعطیل پر گھروں پر رہیں۔ تین روزہ تعطیلات میں عوام گھروں سے نکلنے سے باز رہیں۔