الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت صحتِ نے سوموار کو 2593 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اب مملکت میں کل کیسوں کی تعداد 57345 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں دارالحکومت الریاض میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 642 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد مکہ مکرمہ میں 510 کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
ان نئے کیسوں میں 25 فی صد خواتین اور 75 فی صد مرد حضرات ہیں۔ان نئے مریضوں میں 44 فی صد سعودی شہری ہیں اور 56 فی صد تارکین وطن ہیں۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کا شکار آٹھ افراد وفات پا گئے ہیں اور اب مملکت میں وفات پانے والوں کی تعداد 320 ہوگئی ہے جبکہ اب تک مملکت میں 28748 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے اتوار کو کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کی روزانہ تعداد دُگنا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ترجمان نے کہا تھا کہ کووِڈ-19 کے روزانہ 36 ہزار نئے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ اس وقت روزانہ 15 سے 18 ہزار کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ایک ماہ قبل تک سعودی عرب میں روزانہ پانچ ہزار سے چھے ہزار ٹیسٹ کیے جارہے تھے۔