کورونا وائرس پھیلاؤ کے خدشات پر پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Lockdown

Lockdown

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات پر پشاور کے 5 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق پشاور کے پانچ علاقے اعجاز آباد، حیات آباد فیز 4، فیصل کالونی، فقیرا آباد کالونی دلہ زاک روڈ اور زریاب کالونی میں کورونا کے پھیلاؤ پر اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جارہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ان علاقوں میں آج 31 اگست رات 9 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں صرف ضروری اشیاء خور ونوش، میڈیسن، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ ان علاقوں کی مساجد میں صرف 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔ خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا مثبت کیسز کی یومیہ شرح کم ہوکر 5 اعشاریہ 5 فیصد ہوگئی ہے، کرک میں سب سے زیادہ مثبت کیسز کی شرح 43 فیصد، پشاور میں 15، کوہاٹ میں 14 اور چترال اپر میں 11 فیصد ریکارڈ ہوئی، صوبے کے 10 اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے کم ہے جب کہ 13 اضلاع میں کورونا مثبت کیسز کی شرح اب بھی صفر ہے۔