یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے اتوار کو کرونا وائرس کے 536 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے اور اس مہلک وَبا کا شکار مزید پانچ افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں۔
یو اے ای کی وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعدد 76 ہوگئی ہے اور اس سے متاثرہ کل کیسوں کی تعداد 10349 ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 91 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد اب تک 1978 افراد تن درست ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت نے ہفتے کے روز کرونا وائرس کے 532 کیسوں اور سات اموات کی اطلاع دی تھی اور بتایا تھا کہ ملک میں دس لاکھ سے زیادہ افراد کےکرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔آج حکام نے 35 ہزارمزید ٹیسٹ کرنے کی اطلاع دی ہے۔
یو اے ای میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود حکام نے جمعہ کو رمضان کے آغاز کے بعد لوگوں کی نقل وحرکت پر عاید بعض پابندیوں میں نرمی کردی ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ملک میں رات کو نافذ کرفیو کے دورانیے میں دو گھنٹے کی کمی کی گئی ہے۔ پہلے یہ کرفیو رات 8 بجے شروع ہوتا تھا اور صبح 6 بجے ختم ہوتا تھا۔ اب یہ رات 10 بجے سےصبح 6 بجے تک نافذ العمل ہے۔
رمضان سے قبل دبئی کے مکینوں کو اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی لیکن اب نئے قواعد وضوابط کے تحت انھیں گھر سے باہر جانے کے لیے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں اور ایک خاندان کے دس تک افراد اکٹھے باہر جاسکتے ہیں۔شہریوں کو گھر سے باہر موٹر بائیک چلانے کی بھی اجازت ہے۔البتہ جیم خانے ،مساجد اور سینما گھر بدستور بند ہیں۔
ابو ظبی نے بھی کرونا وائرس کے تعلق سے عاید پابندیوں میں نرمی کی ہے اور شاپنگ مالوں کو جزوی طور پر دوبارہ کھول دیا ہے۔
ٹیسٹوں کی شرح میں اضافہ مارچ کے بعد یو اے ای میں حکومت نے ٹیسٹ مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور ٹیسٹوں کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق امارات کی حکومت ملک میں موجود تمام شہریوں اور مکینوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا ارادہ رکھتی ہے اور اس وقت 24 گھنٹے میں 30 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ یو اے ای کی آبادی ایک کروڑ کے لگ بھگ ہے۔
اماراتی حکومت نے ملک کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے مراکز قائم کیے ہیں۔ابو ظبی میں 28 مارچ کو ڈرائیو تھرو ٹیسٹ سنٹر قائم کیا گیا تھا۔اس کے بعد سے فجیرہ ، العین اور دبئی میں ایسے ٹیسٹ مراکز قائم کیے جاچکے ہیں۔
ابو ظبی میں بی جی آئی اور ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 کے اشتراک سے ایک بڑی ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ملک بھر میں مختلف معذوریوں کا شکار افراد کے گھروں ہی میں ٹیسٹ کے لیے بھی سروس مہیا کی جارہی ہے۔ابوظبی کے صنعتی علاقے مصارف میں ورکروں کے لیے دو ٹیسٹ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔