کورونا وبا؛ 1.3 ارب کے ٹیکسٹائل مصنوعات کے غیرملکی سودے منسوخ و ملتوی

Textile

Textile

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کے سبب آئے معاشی بحران کے بعد غیر ملکی خریداروں نے پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات کے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے سودے منسوخ یا ملتوی کردیے، ٹیکسٹائل انڈسٹریز نے حکومت سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔

ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کی چند ایسوسی ایشنز کے مطابق غیر ملکی خریداروں کے تقریباً ایک ارب 30 کروڑ ڈالر مالیت کے آرڈرز کو یا تو منسوخ کردیا گیا یا ملتوی کردیا گیا ہے۔ جس پر سیکریٹری تجارت احمد نواز سکھیرا کی ایک ٹویٹ کے ذریعے پیش کش پر نیویارک اور دی ہیگ میں پاکستانی سفیروں کے تجارتی افسران نے اپنے فون نمبر اور ای میل ایڈریس کو ٹویٹ کرتے ہوئے برآمد کنندگان کو رابطے کی دعوت دے دی تاہم ٹیکسٹائل کے برآمد کنندگان بیرون ممالک سفارت خانوں میں تعینات پاکستان کے تجارتی افسران کے دفاتر کو غیر ملکی خریداروں کو اپنے احکامات منسوخ کرنے میں مدد کے لیے استعمال کرنے کی وزارت تجارت کی پیش کش سے متاثر نہیں ہوئے۔

ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ تجارتی حریف ممالک میں وزیراعظم کی سطح سے عالمی خریداروں سے اپیلیں کی جارہی ہیں جبکہ پاکستان میں افسران کارپوریٹ کلچر پر عمل پیرا ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نے بھی آرڈرز منسوخ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن سے برآمدی آرڈرز منسو خ ہونے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔