سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) کووڈ-19 (کرونا) کے ساتھ بقاء اور بہترین معاملہ بندی کے حوالے سے جنوری 2022ء کے لیے بلومبرگ کی فہرست میں سعودی عرب عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر رہا۔ اپنی نوعیت کی یہ اہم پیش رفت صحت اور معیشت کے حوالے سے اُن منصوبوں کی فعّالیت کی عکاس ہے جو سعودی فرماں روا اور ولی عہد کی حکومت کی جانب سے وضع کیے گئے۔
سعودی عرب نے نئے سال (2022ء) کا آغاز اپنی سابقہ پوزیشن کو 18 درجے بہتر بنا کر کیا ہے۔ بلومبرگ کی فہرست میں دنیا کی 53 بڑی معیشتوں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔
سعودی عرب کی کامیاب حکمت عملی نے معیشت اور سفر کے حوالے سے کھلی پالیسی جاری رکھنے اور پابندیوں میں نرمی کو ممکن بنایا۔
تقریبا 10 روز قبلIHS مارکیٹ کے انڈیکس میں توقع ظاہر کی گئی تھی کہ سعودی عرب کی معیشت 2021ء کی آخری سہ ماہی کے دوران میں 11.1% کی شرح نمو ریکارڈ کرے گی۔ یہ جی ٹوئنٹی گروپ کے ممالک کی سطح پر سب سے زیادہ ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے جو راستہ اپنایا اس میں ایک طرف ویکسین کی خوراکیں مکمل طور پر دی گئیں اور ساتھ ہی سفر کی سرگرمیوں کو کھلا رکھا گیا اور معاشی لاک ڈاؤن کی طرف واپس نہیں لوٹا گیا۔
کووڈ-19 سے مثبت طریقے سے نمٹنے سے متعلق بلومبرگ کی درجہ بندی میں سعودی عرب دنیا کی 53 بڑی معیشتوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آیا ہے۔ یہ فہرست ہر ماہ جاری کی جاتی ہے۔
مذکورہ درجہ بندی یہ واضح کرتی ہے کہ دنیا کی 53 بڑی معیشتیں صدی میں ایک بار واقع ہونے والے سنگین خطرے سے کس طرح نمٹ رہی ہیں۔ اس درجہ بندی کی تیاری میں 12 عوامل کو بنیاد بنایا جاتا ہے۔ ان میں کرونا وائرس کی روک تھام ، طبی دیکھ بھال کا معیار ، ویکسین کی پہنچ ، مجموعی اموات اور سفر کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کی جانب پیش قدمی شامل ہے۔