گوجرانوالہ: ڈیرہ مراد جمالی میں بارودی سرنگ کے پھٹنے سے شہید ہونے والے آرٹلری رجمنٹ کے کیپٹن سعید الرحمن کو گذشتہ رات ان کے آبائی گائوں ٹاھلی والا ٹانڈہ جلال پور جٹاں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔
شہید کے نماز جنازہ میں کورکمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود، دیگر فوجی افسران اور علاقے کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی دی اور صدر پاکستان، چئیر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ،چیف آف آرمی سٹاف اور کورکمانڈر گوجرانوالہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
کور کمانڈر شہید کے گھر بھی گئے اور شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاقے کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔