لاہور (جیوڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو کالا باغ ڈیم نہیں بننے دیا جائے گا، ایم ایل ون تین صوبوں کو ریل کے ذریعے ملانے کا منصوبہ ہے، سی پیک کی رقم اس منصوبے کی تکمیل پر خرچ ہو گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریلوے وزیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون ریلوے کی آمدنی بڑھانے، خسارے سے نکالنے اور تین صوبوں کو ریل سے ملانے کا منصوبہ ہے، اس کی تکمیل کے بعد اٹک سے کوٹری ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق کاکہنا تھا کہ عدالتیں حکم امتناعی دینے سے قبل محکموں کا موقف بھی سنیں ،سپریم کورٹ بزنس ٹرین کیس کی طرح رائل پام کیس میں بھی انصاف دے۔
ریلوے وزیر نے لیبر پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ 39 کروڑ روپے کی رقم سے 75 ہزار ملازمین مستفید ہوں گے،ریلوے پولیس کی تنخواہیں بھی دیگر صوبوں کی پولیس کے برابر کرنے کی سمری حکومت کو بھجوا دی ہے۔