کرپٹ و نااہل اور محکمانہ پالیسی سے ناواقف موٹر وہیکل ایگزامینر نے ناجائز مفادات پورے نہ ہونے پرمتاثرہ افراد کا صورتحال پر شدید احتجاج ۔خادم اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور ٹریفک رولز کی دھجیاں بکھیرنے والے ایم وی ای کو معطل و تبدیل کرنے کا مطالبہ

Chiniot

Chiniot

چنیوٹ ( خصوصی رپورٹ )کرپٹ و نااہل اور محکمانہ پالیسی سے ناواقف موٹر وہیکل ایگزامینرچنیوٹ نے ناجائز مفادات پورے نہ ہونے پر خودساختہ دفعات و الزامات کے تحت ناجائز چالانات کرکے ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز کا ناطقہ بند کردیاہے جبکہ بلاجواز چالانات کرنے پر احتجاج کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کے ساتھ ناروا ، ہتک آمیز رویہ اختیار کرنابھی معمول بن گیاہے جس پر متاثرہ افرادنے مذکورہ افسوسناک صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے فوری نوٹس لینے اور ٹریفک رولز کی دھجیاں بکھیرنے والے ایم وی ای چنیوٹ کو معطل و تبدیل کرنے کامطالبہ کیا ہے۔

مقامی منی و ہائی ایس ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما چوہدری محمد اشرف شاہین کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ، چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب اور دیگر حکام کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیارکیاگیاہے کہ جب سے موٹر وہیکل ایگزامینر چنیوٹ نے اپنے عہدہ کاچارج سنبھالا ہے اس وقت سے موصوف نے ناجائز مفادات پورے نہ کئے جانے پر اپنے اختیارات سے سراسر تجاوز کرتے ہوئے چھوٹے ٹرانسپورٹرز کاناطقہ بند کررکھاہے۔

انہوں نے بتایاکہ موصوف کی ذمہ داری صرف گاڑیوں کی فٹنس کی چیکنگ اور پاسنگ ہے مگر وہ روزانہ ناکے لگا کربلاجواز الزامات و دفعات کے تحت گاڑیوں کے چالان کررہے ہیں جس کاانہیں کوئی اختیار نہیں۔ انہوںنے ایک مثال دیتے ہوئے بتایاکہ ان کی ہائی روف ویگن نمبر جے ایف 2422 جھنگ سے چنیوٹ کے درمیان بطور مسافر وین چلتی ہے جس کے تمام کاغذات بشمول ٹوکن ، پاسنگ ، رجسٹریشن ، روٹ پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ نہ صرف مکمل بلکہ اپ ٹو ڈیٹ بھی ہیں۔ اسی طرح ان کے عملہ نے کبھی نہ تو اوور چارجنگ اور نہ ہی اوور لوڈنگ کی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ 8 دسمبر کو ان کی گاڑی مسافروں کو لے کر جھنگ سے چنیوٹ گئی اور جب مذکور ہ گاڑی صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب چنیوٹ پہنچی تووہاں ناکہ لگا کر کھڑے ہوئے موٹر وہیکل ایگزامینر چنیوٹ نے گاڑی کو روک لیا ، گاڑی کے تمام کاغذات چیک کئے جبکہ گاڑی میں سلنڈرز وغیرہ کی بھی چیکنگ کی گئی مگر چونکہ مذکور ہ گاڑی پٹرول ہے اس لئے اس میں کوئی سلنڈر موجود نہ تھا اس پر ایم وی ای نے مسافروں کی گنتی بھی کی مگر گاڑی میں کوئی مسافر اوور لوڈ نہ تھا بلکہ کئی سیٹیں خالی بھی تھیں۔ اس دوران ایم وی ای موصوف نے گاڑی میں موجود مسافروںسے جھنگ تاچنیوٹ کیلئے وصول کئے گئے کرائے کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر مسافروںنے بتایاکہ ان سے شیڈول کے مطابق کرایہ لیا گیا ہے جو 82 روپے بنتاہے

مگر ایم وی ای موصوف نے مؤقف اختیار کیاکہ جھنگ تا چنیوٹ کا کرایہ 50روپے فی مسافر ہے اس لئے گاڑی کے عملہ نے اوور چارجنگ کی ہے لہٰذا اس نے بلاجواز اور سراسر ناجائز طور پر اوور چارجنگ کاجھوٹا ، بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے 50روپے فی مسافر سے زیادہ کرایہ وصول کرنے پر مختلف خودساختہ دفعات کے تحت گاڑی کا چالان کردیا اور روٹ پرمٹ قبضہ میں لے لیا۔انہوںنے مؤقف اختیار کیاکہ محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی پنجاب کے احکامات /سرکلر /نوٹیفکیشن نمبر No.SO(TR-1)2-6/2000(5) مورخہ یکم نومبر 2014 ء کے تحت جھنگ سے چنیوٹ براستہ بھوآنہ سمیت دیگر شاہرات پر فی مسافر فی کلومیٹر کرایہ 0.94 روپے مقرر کیاگیاہے اور چونکہ جھنگ سے چنیوٹ کافاصلہ 87کلومیٹر بنتاہے اس لئے مذکورہ مسافت کا کرایہ بھی حکومت پنجاب کی جانب سے 81.78 روپے مقرر کیاگیاہے اور چونکہ پیسے کاسکہ رائج الوقت نہیں اس لئے مسافروں سے جھنگ تاچنیوٹ 80سے82 روپے کرایہ وصول کیا جاتا ہے

چونکہ حکومت کی جانب سے 50روپے کرایہ مقرر ہی نہیں اس لئے کسی بھی صورت 50روپے کرایہ وصول نہ کیاجاسکتاہے اور نہ ہی 87کلومیٹر کاسفر 50روپے میں کروانا ممکن ہے۔ اس طرح موٹر وہیکل ایگزامینر چنیوٹ نے قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے سراسر ناجائز ، غیر قانونی اور غلط طریقے سے ان کی گاڑی کا چالان اور مذکورہ چالان بعدالت سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی چنیوٹ کو روانہ /ارسال کیاگیاہے جو سراسر زیادتی کے مترادف اقدام ہے۔

اسی طرح ناروا ، ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ خود موصوف کی جانب سے قانون کی دھجیاں بکھیری گئی ہیں جو کسی صورت قابل برداشت اقدام نہیں۔ انہوںنے سراسر غیر قانونی و ناجائز اقدام پر موٹر وہیکل ایگزامینر چنیوٹ کو فوری طور پر معطل اور ملازمت سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیاہے تاکہ آئندہ موصوف کو متھلیاں وصول کرنے کی غرض سے قانون کی پاسداری کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف اس قسم کے گھٹیا اقدام کی جرأت نہ ہوسکے۔