کراچی (جیوڈیسک) چئیرمین نیب جسٹس ریٹارئرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ ادارہ میرٹ، شواہد اور قانون کے مطابق بلا تفریق اپنے فرائض انجام دیتا رہے گا۔
نیب کراچی بیورو میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی ایک کینسر ہے جس کی جڑیں کاٹنا ہوں گی، کرپشن فری پاکستان کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
جسٹس جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی بیورو نیب کا انہتائی اہم ریجنل بیورو ہے جو بد عنوان عناصر کے خلاف قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی اور ان سے لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی کے لئے اپنی کوششیں کر رہا ہے۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے اور قوم کی لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائیں گے۔