کرپٹ حکومت کا پینڈورا پیپرز کی تحقیقات کا اعلان مضحکہ خیز ہے، اسفندیار ولی

 Asfandyar Wali

Asfandyar Wali

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ خود کرپشن میں ملوث حکومت کا پینڈورا پیپرز کی تحقیقات کا اعلان کرنا مضحکہ خیز ہے۔

اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان نے حالیہ پینڈورا لیکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر کرپشن کا الزام لگانے والے لیکس میں نام آنے پرخاموش ہیں۔ لیکس میں حکومتی اراکین کے ناموں نے حکومت کے اخلاقی جواز پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ووٹ چوری کر کے پاکستان پر مسلط سلیکٹڈ وزیر اعظم کااحتساب بھی سلیکٹڈ ہے۔عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلیے سلیکٹڈ وزیراعظم تحقیقات کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔