لاہور (جیوڈیسک) لاہور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں عوام کو جدید انفراسٹرکچر کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں، کرپشن نہ پہلے کبھی برداشت کی نہ آئندہ کریں گے۔ لاہور میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی صدارت میں محکمہ تعمیرات و مواصلات کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ تیز رفتار نقل و حمل کیلئے جدید انفراسٹرکچر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہمارے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار کا منہ بولتا ثبوت ہیں، اشیا کی کھیتوں سے منڈیوں تک رسائی کیلئے روڈ نیٹ ورکس کو وسیع کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی محکمے میں بدعنوان افسر یا اہلکاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں، وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ محکمے کے بدعنوان افسروں کے خلاف انکوائریاں جلد مکمل کی جائیں۔