کرپٹ حکومت نے تیل کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر الوداعی وار کیا جماعت اسلامی
Posted on March 2, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی(جی پی آئی)جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مظفر ہاشمی لئیق خان ‘نصراللہ شجیع’یونس بارائی اور حمیداللہ ایڈووکیٹ نے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنا دور اقتدار لوٹ کھسوٹ میں گذارا اور جاتے جاتے عوام پر الوداعی وار کر رہے ہیں۔
‘ 5سالوں میں پاکستان میں مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ‘لوگ خط غربت سے نیچے کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں’قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر ملک کو کنگال کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب پیپلز پارٹی برسراقتدار آئی تو پٹرول 63اورڈیزل 38روپے لیٹر تھامگر اب بالترتیب 106اور 113روپے تک پہنچ چکا ہے’ان اعداد و شمار کو دیکھ کر ایک عام آدمی بھی بخوبی اندازہ لگا سکتا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں نے کس طرح ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں مگر حکومت نے لوٹ مار کی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا جوا ز اضافہ کر دیا ہے۔اس امر کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست تمام اشیائے صرف پر پڑے گا اور مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گاجس کے آگے غریب عوام کی کمر مزید دہری ہو جائے گی۔
لوگ پہلے ہی عزت کے ساتھ دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے سخت مشکلات جھیل رہے ہیں ‘مہنگا کے نئے طوفان سے لوگوں کی قوت خرید جواب دے جائے گی اور شہری بیوی بچوں کے ساتھ فاقہ کشی پر مجبور ہو جائیں گے’جبکہ کرائم میں اضافے کا بھی سبب بنے گا۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اپنے خیر خواہوں اور دشمنوں کی پہچان کریں اور آئیندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے ان کا احتساب کریں۔ سابق ارکان اسمبلی جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نہ صرف واپس لیا جائے بلکہ تیل کی قیمتوں میں خاطر کواہ کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے جن کو قابو کیا جا سکے۔