اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی طرح کاش وہ بھی پاکستان میں پانچ سو کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈال سکتے۔
منگل کو بیجنگ میں بین الاقوامی تجارت کے فروغ سے متعلق چینی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن سرمایہ کاری کو روکتی ہے جبکہ سرخ فیتہ کاروبار اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
عمران خان نے بدعنوانی کے خلاف چین کے صدر شی جن پنگ کے اقدامات کو سراہا اور پھر اس خواہش کا اظہار کیا کہ کاش وہ بھی چین کے صدر کی طرح پاکستان میں پانچ سو بدعنوان افراد کو جیل میں ڈال سکتے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں کرپشن روکنا ایک پیچیدہ عمل ہے لیکن ان کی حکومت اس پر کام کر رہی ہے۔
وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان کا چین کا یہ تیسرا دورہ ہے۔
منگل کو وزیر اعظم نے اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی۔ وہ بعد میں صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔
دریں اثنا، پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کی سینیئر عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں خطے کی سکیورٹی اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق جنرل باجوہ نے پیپلز لبریشن آرمی کےکمانڈر اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین سے ملاقاتیں کیں۔