کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز کی جانب سے کرپشن کیخلاف کاروائی کی حمایت کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی ‘ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر سلیمان راجپوت ‘ نائب صدر یونس سایانی ‘ جنرل سیکریٹری راجہ انور ایڈوکیٹ ‘ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ شعبہ خواتین کی رہنما میڈم انیتا ‘ میڈم تبسم ناز ‘ ذکیہ بیگم ‘ کراچی ڈویژن کے صدر اقبال چاند اور یوتھ ونگ کے مرکزی صدر حاجی امیر علی خواجہ نے کہا کہ ایم آر پی کرپشن کیخلاف کئے جانے والے ہر اقدام کی ہر سطح پر حمایت کرے گی کیونکہ کرپشن کی وجہ سے نہ صرف عوام کا بدترین استحصال ہوا ہے۔
آج اس ملک کے عوام ناکافی سہولیات میں جانوروں سے بدترزندگی گزارنے پر مجبور ہیں بلکہ کرپشن اور استحصال کے باعث پیدا ہونے والے احساس محرومی نے دہشتگردی ‘ عسکریت پسندی اور بغاوت کو بھی جنم دیا ہے اسلئے کرپشن کیخلاف کاروائی ناگزیر ہے مگر اس کاروائی کو پورے ملک میں اور بلا تفریق و تخصیص ومکمل طور پرغیر جانبدارنہ ہونا چاہئے اور کرپشن میں ملوث ہر فرد کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔
تمام محکموں میں موجود کرپٹ افراد کے ساتھ حکومت و اپوزیشن اور تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں میں موجود تمام کرپٹ افراد کو کیفر کردار تک پہنچاکر لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی قومی خزانے میں واپس لائی جائے تاکہ غربت ‘ مہنگائی ‘ بیروزگاری ‘ علاج و تعلیم کی نکافی سہولیات اور بجلی ‘ پانی و گیس بحران سے تڑپتے عوام کی کسی حد تک اشک شوئی ممکن ہو سکے۔