کراچی (جیوڈیسک) مشتاق رئیسانی کیس میں گرفتار ہونے والے ٹھیکیدار سہیل مجید کو نیب نے احتساب عدالت میں پیش کر دیا ، عدالت نے ملزم کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
قومی احتساب بیورو نے دو روز قبل کراچی سے گرفتار کئے گئے مشتاق رئیسانی کے سہولت کار ٹھیکیدار سہیل مجید کو احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر کے سامنے پیش کر دیا تھا ، احتساب عدالت نے ملزم کو 14 روز کے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
اس موقع پر ملزم کے استدعا کرنے پر عدالت نے اسے والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کی اجازت دے دی ۔ پراسیکیوٹر نیب ضمیر چھلگری نے نیب آرڈیننس کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ قانون خونی رشتوں کو ملزم سے ملنے کی اجازت دیتا ہے۔ نیب نے عدالت میں سہیل مجید کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی ۔ رپورٹ کے تحت دوران تحویل سہیل مجید پر کسی قسم کا جسمانی تشدد نہیں ہوا۔
سہیل مجید نے مشتاق رئیسانی کے گھر سے ملنے والے خزانے میں سے 26 کروڑ روپے کی ملکیت کا اقرار کیا ہے اور ساتھ ہی ملزم نے میگا کرپشن کیس میں سایسی رہنمائوں کے پارٹنر شپ کا بھی اعتراف کیا ، دوسری جانب نیب بلوچستان مشتاق رئیسانی کے کیس میں مطلوب ملزم سلیم شاہ کے گرفتاری کے لیے بھی کراچی میں چھاپے مار رہی ہے۔