لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کرپشن کے الزامات لگانے پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں طاہرالقادری کو 14 دن کے اندر میڈیا پر آ کر غیر مشروط معافی مانگنے کا کہا گیا ہے جبکہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی کو 12 ارب کا پانی کا ٹھیکہ ملنے کا الزام سراسر بے بنیاد ہے اور اس طرح کا الزام لگا کر طاہرالقادری نے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری کے انقلاب کا ڈرامہ قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے اس لیے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر طاہرالقادری نے پریس کانفرنس میں احسن اقبال کے بھائی کو 12 ارب کا پانی کا ٹھیکہ ملنے اور اس میں کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے۔