اسلام آباد (جیوڈیسک) سیاستدانوں پر کرپشن کے الزامات سے چھٹکارے کے لئے حکومت کی جانب سے بڑے فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔ اپوزیشن کی مشاورت سے مستقل بنیادوں پر نیا احتساب کمیشن بنے گا۔
وزیر اعظم کل قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اعلان کریں گے۔ پاناما لیکس کے ہنگامے اور سیاستدانوں پر کرپشن کے الزامات کے تناظر میں حکومت کی جانب سے بڑے فیصلے متوقع، ملک میں کرپشن ، لوٹ مار کرنے والے سیاستدانوں کے احتساب کا فیصلہ، تعلق چاہے حکومت سے ہو یا اپوزیشن سے، احتساب ہوگا یکساں، ذرائع کے مطابق احتساب کا عمل دو مراحل میں طے کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں نئے ٹی او آرز طے کر کے پاناما لیکس کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کیلئے مستقل بنیادوں پر احتساب کمیشن بنایا جائے گا جس کے لئے اپوزیشن کے ساتھ ملکر قانون سازی کی جائے گی۔
احتساب کمیشن کے فیصلوں پر فوری من و عن عمل درآمد ہو گا۔ مستقبل میں ایسے عناصر پارلیمنٹ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ اس حوالے سے حکومت نے اپنے قانونی مشیروں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ان اقدامات کا اعلان پیر کے روز قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران متوقع ہے۔