مردان (جیوڈیسک) جے یو آئی (ف) اور متحدہ مجلس عمل کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قوم کی آرزو پوری ہوئی اب تمام دینی قوتیں یکجا ہو چکی ہیں، کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت ایم ایم اے کے حوالے کردی جائے۔
مردان میں ایم ایم اے کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر پاکستان کی سیاست اور نظام حکومت پر مذہب سے بے زار لوگوں کا قبضہ رہا ہے، انھیں پاکستان کی معیشت پر مغرب کا نظام چاہیے، جسے ہم روشن خیالی کہتے ہیں یہ آج کا مسئلہ نہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر کو آزادی نہ دلاسکا، اقوام متحدہ کی چھتری کے نیچے افغانستان میں قتل عام ہورہا ہے، فلسطین شام میں اقوام متحدہ کہاں ہے؟امریکا کو ان اقوام کی آزادی کا کوئی خیال نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قائد اعظم نے مغرب کا نہیں اسلام کا فلسفہ دیا ہے ہم مغرب کے ایجنڈے کو پاکستان میں نافذ نہیں ہونے دیں گے، 13 مئی کو مینار پاکستان پر اکٹھے ہوں گے ہم بتائیں گے قرارداد پر کس طرح عمل کیا جاتا ہے ہم بتائیں گے قوم کس کے ساتھ ہے، آج لاہور میں بھی جلسہ تھا باقی کچھ نہیں کہتا شرم آتی ہے، کرپشن کے خاتمے کا واحد حل یہ ہے کہ حکومت ایم ایم اے کے حوالے کردی جائے۔
جس نے ناموس رسالت قانون کو چھیڑا تو ہمارا ہاتھ اور اس کا گریبان ہوگا، سراج الحق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے یہ سوال ہو رہا ہے کہ ہم کیوں متحدہ مجلس عمل کے ساتھ ایک ہوگئے، ہم امت کو ایک کریں تو اعتراض کیا جارہا ہے اس پر مخالفین کا رنگ زرد ہوگیا ہے، ہمارے الگ ہونے سے لوگوں کو حکومت بنانے کا موقع ملا لیکن اب ہم ایک ہوگئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ووٹ خریدنے والے اب بھی سینیٹ میں ہیں ان کے خلاف کیا کارروائی ہورہی ہے؟ شوکاز نوٹس جاری ہوئے لیکن جنہوں نے ووٹ خریدے ان کے خلاف کیا ہوا؟ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کو رہا کیا گیا اور ممتاز قادری کو پھانسی دیدی گئی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جس نے بھی ناموس رسالت قانون کو چھیڑا تو ہمارا ہاتھ اور ان کا گریبان ہوگا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ ہم نے احتساب کے لیے فہرست بنالی ہے اب کرپشن کرنے والے پارلیمنٹ میں نہیں اڈیالہ جیلوں میں جائیں گے، ہم کرپشن کا خاتمہ کریں گے، ہمیں بیمار احتساب ادارہ نہیں چاہیے، ہمارا جھگڑا اسٹیٹس کو کے ساتھ ہے جب کہ چیف جسٹس سے بھی کہتے ہیں کرپشن کے خاتمے کے لیے سیاست کو کرپشن سے پاک کرنا ہو گا۔