اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو نے کرپشن کیخلاف جاری تحقیقات، انکوائریز اور ای سی ایل میں شامل کیے گئے ناموں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں۔ نیب 638 انکوائریز اور 336 کی تحقیقات کر رہا ہے۔
نیب رپورٹ میں کے مطابق کرپشن کی چھ سو اڑتیس انکوائریز، 336 مقدمات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقدمات میں نامزد 401 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جا چکے ہیں۔ کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ تحقیقات اور انکوائریز لاہورمیں جاری ہیں جہاں پر 221 مقدمات و انکوائریز زیر التواء ہیں۔
کراچی میں 215 راولپنڈی میں 179 مقدمات کی تحقیقات اور انکوائریز جاری ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 168، بلوچستان میں 120 کیسز کی تحقیقات اور انکوائریز چل رہی ہیں۔
ای سی ایل میں سب سے زیادہ نام راولپنڈی سے ڈالے گئے جن کی تعداد 140 ہے جبکہ لاہور سے 106، کراچی کے 91 ، کے پی سے 43 اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 18 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے گئے۔
سپریم کورٹ نے کرپشن کے ایک مقدمے میں ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔