چنئی (جیوڈیسک)آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس ہوا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈکے صدر سری نواسن نے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوثتینوں کرکٹرز کا معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کردیا گیاہے۔
تحقیقات ابھی جاری ہیں، انکوائری رپورٹ کے بعد ہی کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرینگے،بی سی سی آئی صرف مجرموں کیخلاف کارروائی کرسکتا ہے۔روی سوانی کو تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔ راجستھان رائلز انتظامیہ نے بتایا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑیوں کیخلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
سری نواسن کاخصوصی اجلاس میں کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ اہم کھلاڑیوں کی نگرانی کررہا ہے،ان تین کھلاڑیوں کے علاوہ کسی اور کے خلاف کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا بکیز پرکوئی کنٹرول نہیں ہے،کرپشن میں ملوث کھلاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔