کرپشن کیخلاف جمشید دستی کا سائیکل مارچ وزیرآباد پہنچ گیا

Jamshed Dasti

Jamshed Dasti

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) کرپشن کیخلاف جمشید دستی کا سائیکل مارچ وزیرآباد پہنچ گیا۔ جمشید دستی نے اس موقعہ پر سیاسی بنیادوں پر چالو نہ ہونے والے پرویز الٰہی دور حکومت میں بنائے گئے کارڈیالوجی سینٹر کے سامنے دھرنا دیا۔ جمشید دستی نے اس موقعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں برادران کے ہوتے ہوئے یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا پاکستان اور اس کی18 کروڑ عوام کیلئے اس سے بڑی بدقسمتی کی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ انہیںکرپشن میں اپنا کوئی ثانی نہ رکھنے والے لوٹ مار کے بادشاہ ٹولہ کی حکمرانی ملی ہے نواز شریف اور زرداری دونوں چور ہیں ڈاکو اور بھتہ خور ہیں نواز شریف کا مکروہ چہرہ آج پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا وطیرہ صرف مال بنانے کے سوا کچھ نہیں انہیں ملک اور اس کی عوام سے کوئی غرض نہیں دوسروں کے بنائے ہوئے بہترین عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے والے عوام دوست کیسے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقعہ پر شریف برادران بالخصوص میاں شہباز شریف اور ان کی حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارڈیالوجی کے چالو ہونے میں پرویز الٰہی کے نام کی وجہ سے رکاوٹ ہیں کیا یہ ان کی گڈ گورننس ہے؟مزید رکاوٹ نہ بنیں اور اربوں روپے مالیت کے اس منصوبے کو عوام الناس کے کام آنے دیں۔ انہوں نے یمن اور سعودی عرب کشمکش میں پاک فوج کو شامل کرنے کے معاملہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ہمیں ہر دو فریقین کے درمیان صلح اور امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے مقامات مقدسہ کی حفاظت امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے دونوں اطراف لڑنے والے مسلمان ہیں اگر مقابلے میں اسرائیل یا اسلام مخالف کوئی ہوتا تو اسے پوری طاقت کیساتھ کچل دیا جاتا۔ جمشید دستی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے لوگ ایک ہی تھالی کے چٹے پٹے ہیں میمو گیٹ ، رینٹل پاور اور کرپشن کے دوسرے بڑے بڑے سکینڈلز میں دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کا تحفظ کرتی رہی ہیں اس ملک سے جب تک طبقاتی امتیاز کا خاتمہ نہیں ہوتا ، سیاست اور نام نہاد جمہوریت کے نام پر ملک وقوم کی تقدیر پرمسلط ایک مخصوص گروہ سے جان نہیں چھڑائی جاتی یہ ملک 100سال تک بھی ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں پر اپنی بھڑاس نکالتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے انہی مفاد پرستوں کو ساتھ ملا لیا ہے جو کئی دہائیوں سے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہے ہیںتحریک انصاف سے لوگوں کو بہت سی امیدیں وابستہ تھیں مگر اس پارٹی میں انہیں لوگوں کو مسلط ہوتا دیکھ کر لوگ مایوس ہورہے ہیں جن سے وہ ملک کی جان چھڑانا چاہتے ہیں تحریک انصاف سب سے پہلے اپنے اندر کا گند صاف کرے پھر ان حکمرانوں پر ہاتھ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک ہاری /مزدورکا بیٹا ہوں اس لئے مجھ سے غریبوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اس کرپٹ نظام سے نجات چاہتی ہے اور مجھے امید ہے کہ عوام اس جدوجہد میں میرا ساتھ ضرور دیں گے۔