کرپشن کیخلاف قومی جہاد ضروری، کم از کم سزا 25 سال مقرر کی جائے: سراج الحق

 Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان گفت و شنید کے ذریعے باہمی اختلافات کا حل تلاش کریں، ہمارا مشترکہ دشمن کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو تنہا کرنے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی۔ دونوں ملکوں کی قیادت دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی اتحاد سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائے۔ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوا ہے، سوویت یونین کے حملہ کے بعد پاکستان نے چالیس لاکھ افغان مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دی جن میں 25 لاکھ سے زائد اب بھی یہاں پناہ گزین ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکار دشمن بھارت دو بھائیوں کو لڑانے کی سازش کر رہا ہے۔

پاکستان کے اندر دہشت گردی کا واقعہ ہویا باہر سے، اس کے پیچھے ہمیشہ بھارت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ مگر اسے اپنے ناپاک عزائم میں ناکامی ہو گی۔ دریں اثنا ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کرپشن مردہ باد کے نعرے تو سب لگا رہے ہیں کرپشن کے داغ سے کسی کا دامن صاف نہیں 10 ارب روپے ہڑپ کرنیوالا 10 کروڑ دے کر چھوٹ جاتا ہے۔

کرپشن کیخلاف قومی جہاد کی ضرورت ہے۔ چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے کرپشن کی کم از کم سزا 25 سال مقرر کیجائے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی نے معروف سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کی عیادت کی اور علاج معالجے کی تفصیلات معلوم کیں اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔اس مو قع پر عبد الستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی مو جود تھے۔ سراج الحق نے کہا آج ہم اور ہماری جماعت ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام عبد الستار ایدھی کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔