کرپشن کیخلاف آپریشن کو ملک بھر میں پھیلایا جائے’ راجونی اتحاد

Rangers

Rangers

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افواج پاکستان’ رینجرز اور نیب سمیت تمام متعلقہ اداروں کو کرپشن کیخلاف آپریشن کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سندھ کی مظلوم قومیتوں اور برادریوں پر مشتمل پاکستان راجونی اتحاد کے سینئر رہنما امیر علی سولنگی اور اتحاد میں شامل خاصخیلی اتحاد کے سربراہ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی اتحاد کے رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ پاکستان مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ دی میمن جنرل جماعت کے رہنما یونس سایانی ‘اسماعیلی اتحاد کے رہنما حاجی مامیر علی خواجہ اور دیگر برادریوں کے سربراہوںو رہنماؤں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف آپریشن کو صرف کراچی تک محدود رکھنے سے آپریشن کے کسی خاص سیاسی قوت کیخلاف انتقامی کاروائی کا غلط تاثر فروغ پارہا ہے

اسلئے آپریشن کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلاکر کرپشن میں ملوث تمام بیورو کریٹس اور سیاستدانوں کا بلا تخصیص و تفریق غیر جانبدارانہ محاسبہ کیا جائے اور سرکاری عہدوں و حکومتی پوزیشن پر رہتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے ‘ سرکاری اراضی کو سیاسی رشوت کے طور پر الاٹ کرنے ‘ کاغذوں پر سڑکیں تعمیر کرنے اور عوامی و فلاحی پراجیکٹ قائم کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور کمیشن کی خاطر غیر ضروری منصوبے بناکر قومی وسائل کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے والوں کیخلاف بھی کاروائی کی جائے چاہے وہ سابقہ ادوار اقتدار میں بااختیار رہے ہوں یا موجودہ حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر موجود ہوں۔