کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان میں دہشتگردی کی پیچھے کارفرمابھارتی ہاتھ کے حوالے سے شواہد بین الاقوامی برادری کے سامنے لانا اور اقوام متحدہ میں پیش کرنا حکومتی فریضہ ہے مگر نجانے کیوں اس معاملے کو نظر اندازی کے سردخانے میں ڈالا گیا ہے ۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے مزید کہا کہ کرپشن اور دہشتگردی کیخلاف فوج و رینجرز کا کردار مثالی اور آپریشن ناگزیر ہے۔
مگر اس سے سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگائے جانے کا جو تصور پیدا ہورہا ہے آپریشن کی کامیابی کیلئے اس تاثر کو زائل کرنے کی اشد ضرورت ہے جبکہ آپریشن کا دائرہ کار صرف کراچی تک محدود کرنا ملک کے دیگر عوام کو کرپٹ عناصر کے رحم و کرم پر بے آسرا چھوڑنے کے مترادف ہے۔
اسلئے کراچی سمیت پورے سندھ بلکہ سندھ سمیت پنجاب ‘ بلوچستان ‘ خیبر پختونخواہ ‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی کرپشن کیخلاف غیر جانبدارانہ ومنصفانہ آپریشن کرتے ہوئے تمام کرپٹ عناصر کو بلاتفریق عہدہ‘ مرتبہ اور سیاسی تعلق قانون کے دائرے میں لایا جائے اور حکمرانوں سمیت تمام سیاستدانوں ‘ بیورو کریٹس ‘ انتظامی و سرکاری افسران ‘ عدلیہ کے جج صاحبان اور سرمایہ داروں ‘ صنعتکاروں و تاجروں کو بھی احتساب کی کسوٹی سے گزارہ اور پرکھا جائے۔