لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ماضی میں لوٹ مار اور کرپشن کے انبار نہ لگتے تو پاکستان بہت ترقی کر چکا ہوتا، قوم کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
ایوان اقبال لاہور میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پوزیشن ہولڈر طلباء اور طالبات کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی،پولیس دستے نے پوزیشن ہولڈر ز کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میں کرپشن سے ملک کو لوٹا گیا،اربوں کے قرضے معاف کرانے والے ملک کو کھوکھلا کر گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کے لیے توانائی منصوبوں سے اندھیرے دور کریں گے، تعلیم کا حصول عزت اور ترقی کا راستہ ہے۔تقریب میں دیگر صوبوں کے پوزیشن ہولڈرز نے بھی شرکت کی،ملی نغموں نے ماحول کو گرمائے رکھا۔