کراچی (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ امن دیرپا ہوگا تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ امن کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا محاصرہ کیا جائے گا۔ کرپشن سے پاک پاکستان آئندہ نسلوں کی ضرورت اور استحقاق ہے۔
اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں پانی و بجلی اور ماس ٹرانزٹ کے حوالے سے مسائل کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ صدر نے کہا کہ حکومت نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کئی بڑے منصوبے شروع کئے ہیں جس میں بجلی کی پیداوار بڑھانے اور بنیادی ڈھانچے کا معیار بلند کرنے والے منصوبے نمایاں ہیں۔
ان منصوبوں سے ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا اور ان کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی۔ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے خوش حال مستقبل کی طرف اہم قدم ہے ، مگر بعض عناصر پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے اور اس راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ حکومت نے ایسے عناصر اور سیاست دانوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر مملکت سے ملاقات کرنے والوں میں جامعہ اردو کے شعبہ ابلاغ عامہ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر توصیف احمد خان، جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعود، سیکریٹری انجمن ترقی اردو ڈاکٹر فاطمہ حسن، جامعہ کراچی کے سابق رجسٹرار پروفیسر رئیس علوی، صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر ہما بقائی، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندے ، ن لیگ کے اسماعیل راہو، خواجہ طارق نذیر اور ناصرالدین محمود شامل تھے ۔ جسٹس (ر) حاذق الخیری نے صدر مملکت کو جامعہ اردو کے بارے میں کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔