اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیب کے پانچ کرپشن ریفرنسزپر کارروائی کے لیے ملزم آصف علی زرداری کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر کے خلاف کرپشن ریفرنسز پر دوبارہ کارروائی کے آغاز کے لیے سماعت شروع کی تو عدالتی نوٹس کے باوجود ملزم اور نیب کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔
وقفے کے بعد نیب پراسیکیوٹر نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ ملزم کے بیرون ملک ہونے کے باعث نوٹس کی تعمیل نہیں ہو سکی۔ جس پر عدالت نے دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔ آصف زرداری کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں مبینہ کرپشن کے 5 ریفرنسز پر کارروائی کے لئے سماعت جاری ہے جبکہ ناجائز اثاثہ جات سے متعلق ایک ریفرنس تاحال راول پنڈی کی احتساب عدالت میں داخل دفتر ہے جہاں جج کی تقرری کا انتظار ہے۔