اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران اور دولت مند طبقہ کرپشن اور ٹیکس چوری سے جمع کی گئی دولت بیرون ملک سرمایہ کاری میں لگا رہا ہے، تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو لوٹی ہوئی دولت واپس لائے گی، تمام پاکستانیوں کو ملکی اور غیرملکی اثاثے ظاہر کرنا ہوں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بیان میں سرمائے کی ملک سے باہر منتقلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایک طرف بالواسطہ ٹیکسوں اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اور دوسری طرف حکمران اور امیر طبقہ براہ راست ٹیکس سے بچتے ہوئے اپنی دولت بیرون ملک سرمایہ کاری میں لگا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ باہر منتقل کی گئی بیشتر دولت کالا دھن ہے، جو کرپشن اور ٹیکس چوری کر کے بنایا گیا ہے۔