کاٹیج انڈسٹری مستحکم کیے بغیر مینوفیک چرنگ سیکٹر کی گروتھ اور معاشی ترقی ممکن نہیں : غلام سرور ملک
Posted on May 25, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور : چیئرمین آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین غلام سرور ملک نے کہا ہے کہ کاٹیج انڈسٹری کو مستحکم کیے بغیر مینوفیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ اور ملک کی معاشی ترقی ناممکن ہے کیونکہ کاٹیج انڈسٹری ان سب کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے۔
آئندہ چند روز میں اقتدار سنبھالنے والی مسلم لیگ ن کی نئی حکومت کاٹیج انڈسٹری کی ترقی و استحکام کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی اور خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔ غلام سرور ملک نے یہ باتیں گذشتہ روز کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ 60تنظیموں کے ایک بڑے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہیں۔
وفد نے غلام سرور ملک کو اپنی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے مدد کی اپیل کی۔ چیئرمین آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری سے منسلک تاجروں کو مسلم لیگ ن کے رہنمائوں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے اور کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے آج کاٹیج انڈسٹری تباھی کے دہانے پر آن کھڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بدترین بحران کی وجہ سے بہت سی کاٹیج انڈسٹری بند اور ہزاروں افراد بے روزگار ہوگئے جس کی وجہ سے وہ اور اُن کے اہل خانہ فاقہ کشی سے دوچار ہیں۔ انہوں نے میاں محمد نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ برسراقتدار آتے ہی بجلی کا بحران حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔
بند پڑے پاور یونٹس کو چلانے کے لیے لٹیروں کی جیبوں سے لوٹے ہوئے اربوں روپے نکلوائے جائیں۔ غلام سرور ملک نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہر کے نزدیک کسی مناسب جگہ پر کاٹیج سٹی قائم کرکے شہر میں بکھری ہوئی کاٹیج انڈسٹری کو وہاں منتقل کردیا جائے تو اس سے نہ صرف اس کے مسائل حل ہونگے۔
بلکہ غیرملکی سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس کاٹیج انڈسٹری میں بیس آدمی کام کررہے ہیں ان کو سوشل سکیورٹی، اولڈ ایج بینفٹ اور لیبر کے قوانین سے مثتثنیٰ قرار دے دیا جائے ۔ انہوں نے میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف سے خصوصی اپیل کی کہ وہ ایک کمیٹی برائے کاٹیج انڈسٹری تشکیل دیکر اس میں کاٹیج انڈسٹری کے لوگوں کو شامل کریں۔
تاکہ وہ سٹیک ہولڈرز ہونے کی حیثیت سے کاٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرسکیں۔ غلام سرور ملک نے میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کو یقین دہانی کرائی کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں کاٹیج انڈسٹری نئی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔