کپاس کی سرکاری خریداری کیلیے کمیشن ایجنٹس مقرر کرنے کا فیصلہ

Cotton

Cotton

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت کی ہدایت پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے حکومت کی مقرر کردہ 3 ہزار روپے فی 40 کلو گرام امدادی قیمت پر کپاس کی 10 لاکھ گانٹھیں خریدنے کیلیے کمیشن ایجنٹس مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کپاس کی خریداری کے لیے کمیشن ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کی خواہاں پارٹیوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی طرف سے ان کمیشن ایجنٹس کی خدمات ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، نواب شاہ، میرپورخاص، ڈیری غازی خان، وہاڑی اور ساہیوال میں قائم اپنے پروکیورمنٹ سینٹرز کیلیے درکار ہوں گی۔

جو ٹی سی پی کے پروکیورمنٹ سینٹرز کو کپاس کی خریداری میں معاونت فراہم کریں گے۔ اس ضمن میں وزارت تجارت کے حکام نے بتایا کہ ٹی سی پی کی طرف سے کمیشن ایجنٹس سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں جس کیلیے وہ پارٹیاں درخواستیں دے سکیں گی جوکپاس کی خریداری، سنبھالنے اور اس سے متعلقہ شعبے میں کام کرنے کا کم از کم 8 سال کا تجربہ رکھتی ہوں گی۔

حکام نے بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اپنے حالیہ اجلاس میںکپاس کی قیمتوں میں استحکام لانے اور کاشت کاروں کو ان کی پیداوار کے مناسب معاوضے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے رواں مالی سال 2014-15 کپاس کی 3 ہزار روپے فی 40 کلو گرام انٹرونشن پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

اور سیڈ کاٹن کیلیے انٹرونشن پرائس مقرر کرنے کا بنیادی مقصد کاٹن کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور کاشت کاروں کو ان کی پیداوار کا معقول معاوضہ فراہم کرنا ہے۔ ای سی سی کی طرف سے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو حکومت کی منظور کردہ امدادی قیمت پر کاشت کاروں سے کپاس کی 10 لاکھ گانٹھیں خریدنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ٹی سی پی نے یہ عمل شروع کیا ہے۔