روئی کے نرخوں میں 100 روپے من اضافہ

Cotton

Cotton

رحیم یارخان (جیوڈیسک) روئی کے نرخوں میں 100 روپے من اضافہ ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 6 ہزار 800 روپے من ہوگئی۔ ممبر پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن احسان الحق کے مطابق موخر ادائیگیوں پر روئی کے سودے 7 ہزار روپے من پر کئے جا رہے ہیں۔ نیویارک کاٹن مارکیٹ میں نرخوں میں کمی کے رجحان کے باوجود پاکستان اور بھارت میں کپاس کے نرخوں میں اضافہ شروع ہو گیا۔

جس کی وجہ اعلی معیار کی روئی کی دستیابی میں کمی ہے۔ صوبہ سندھ میں کپاس کی بوائی پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15 فیصد زائد رقبے پر ہوئی جبکہ صوبہ پنجاب میں 10 فیصد کم رقبے پر کاشت ہوئی۔ احسان الحق کے مطابق پنجاب میں موسمی حالات موافق نہ ہونے اور کاٹن ایریا میں گنے کی بڑھتی ہوئی کاشت کی وجہ سے بھی کاشت میں کمی کا رجحان ہے۔