کپاس کی قیمت میں اضافہ، رواں سیزن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Cotton

Cotton

کراچی (جیوڈیسک) کپاس کی قیمت 100 روپے اضافے سے رواں سیزن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ کپاس کی قیمت رواں سیزن کی بلند ترین سطح 5700 روپے فی من پر پہنچ چکی ہے۔

چئیرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق ملک میں رواں سیزن کے دوران بارش ، شدید گرمی اور نمی کے باعث کپاس کی پیداوار شدید متاثر ہوئی اور 34 فی صد کمی کے بعد پندرہ سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔

دوسری جانب روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھ جانے سے درآمدی کاٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ احسان الحق کا مزید کہنا تھا کہ رواں سیزن میں کپاس کی 92 لاکھ گانٹھیں تیار ہوئیں۔

پیداوار میں کمی کے باعث سیزن میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے 41 لاکھ بیلز خریدیں جس کے بعد کل خریدی گئی بیلز کی تعداد 72 لاکھ 71 ہزار بیلز رہیں۔