کراچی (جیوڈیسک) کپاس کی فی من قیمت 200 روپے اضافے سے 6 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئی ، مقامی ٹیکسٹائل اور سپننگ ملز کی جانب سے اعلی کوالٹی کی روئی میں خریداری بڑھنے اور طلب سے کم پیداوار کے باعث کپاس کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔
اس وقت ملک میں اعلیٰ کوالٹی کی کپاس کی قیمت 200 روپے اضافے سے 6700 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے جبکہ 40 کلو پھٹی 200 روپے اضافے سے 3 ہزار 575 روپے کی اونچی سطح پر پہنچ چکی ہے۔
کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چئیرمین نسیم عثمان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 15 اپریل سے پہلے کپاس کی کاشت پر پابندی اور دفعہ 144 کا نفاذ اچھا اقدام ہے کیونکہ صوبائی حکومت کے اس فیصلے سے آئندہ سیزن میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کا امکان ہے۔