پیرمحل (میاں اسد حفیظ سے) کھڑی کپاس میں گندم کاشت کرکے فی ایکٹر پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیاجاسکتاہے،ان خیالات کا اظہار سید شاہد بخاری ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت ٹوبہ ٹیک سنگھ نے پیرمحل میں کھڑی کپاس میں گندم کی کاشت کے موضوع پرکاشت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ، انہوں نے کہاکہ دھان کی باسمتی اقسام یا کپاس کی فصل کے لمبے دورانیے کی وجہ سے گندم اپنے بہترین وقت پر کاشت نہیں ہو پاتی۔ گندم کی کاشت کا بہترین وقت یکم تا 15نومبر ہے لیکن اس دوران کپاس خصوصاً بی ٹی اقسام بھرپور پھل کے ساتھ کھیت میں موجود ہوتی ہیں لہٰذا اس وقت پر کاشتکارکے لئے کپاس کی فصل کی مکمل برداشت ممکن نہیں ہوتی۔
اگر کاشتکار کپاس کی فصل کی برداشت کا انتظار کرتا ہے تو گندم کی فصل کی کاشت میں غیر معمولی تاخیر ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے گندم کی فصل کو مکمل دورانیہ نہ ملنے کی وجہ سے پیداوار میں بہت بڑی کمی واقع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھڑی کپاس میں گندم کی کاشت بروقت ہوتی ہے ،جس سے پیداوار اچھی اور زمیندار کی آمدن میں اضافہ ہو تاہے،جدید طریقہ کاشت کو اپنا کر زمیندار حضرات اپنی آمدن میں خطیرخواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کپاس کی کھڑی فصل میں گندم کی براہ راست کاشت یا کپاس یا دھان کے مڈھوں میں زیرو ٹیلج یا کولٹر ٹائپ سٹبل ڈرل کے ذریعے گندم کی کاشت میں تاخیر پر قابو پایا جا سکتا ہے ہمارے ترقی پسند کاشتکاروں کی گندم کی پیداوار اوسط پیداوار کے مقابلہ میں زیادہ ہے۔ عام کاشتکاروں اور ترقی پسند کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں فرق کو کم کرنا انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر چوہدری محمداکرم زراعت آفسیر پیرمحل، چوہدری جاوید نمبردار سمیت زمینداروںکی کثیر تعدادموجود تھی۔