اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا، اجلاس کے ایجنڈے میں ملک میں چھٹی مردم شماری کرانے کا معاملہ سرفہرست ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا 28 واں اجلاس 11 ماہ 10 روز بعد 29 فروری کو وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہو گا۔
9 نکاتی ایجنڈے میں صوبوں کے مطالبے پر مردم شماری کرانے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے محکمہ شماریات کی رپورٹ پیش کی جائیگی اور صوبوں کے اتفاق سے ممکنہ طور پر مردم شماری کا مرحلہ وار یا ایک ہی وقت میں انعقاد کرانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ایجنڈے میں پاور جنریشن پالیسی 2015 ، کچھی کنال میں بدعنوانیوں کی تحقیقاتی رپورٹ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ وفاق اورصوبوں میں تیل وگیس کی تلاش،ایل پی جی کی پیداوار اور تقسیم کی پالیسی 2015 منظوری کے لئے پیش کی جائے گی۔ ایل این جی کی درآمد اور اس کے منصوبوں پر وفاقی وزیر پیٹرولیم بریفنگ دیں گے۔
نیپرا کی سالانہ رپورٹ اور صنعتوںٕ کی صورت حال پر بھی غور ہوگا۔اجلاس میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ترمیمی بل 2016 کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر اداروں اور وفاقی ملازمین کی صوبائی اداروں میں منتقلی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
مشترکہ مفادات کونسل کی دو سالانہ رپورٹس منظوری کے لئے بھی پیش کی جائیں گی جبکہ نیشنل فوڈ پروٹیکشن کا چھٹا 10 سالہ منصوبہ منظوری کے لئے اجلاس میں پیش ہو گا۔