کاؤنٹر ٹیررازم ٹاسک فورس مساجد کے پیش اماموں کو انگلش میں بات چیت کرنے کی ہدایت جاری کرے گی

 Counter Terrorism Task Force

Counter Terrorism Task Force

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) کاؤنٹر ٹیررازم ٹاسک فورس مساجد کے پیش اماموں کو انگلش میں بات چیت کرنے کی ہدایت جاری کرے گی، وزرا سمجھتے ہیں کہ اگر امام صاحبان انگریزی میں گفتگو کریں گے تو ان کیلیے معتقدین کوا نتہا پسندی کی جانب مائل کرنا مشکل ہو گا تاہم انسداد انتہاپسندی کی نئی حکمت عملی کے تحت غیرملکی پیش اماموں کیلیے ویزا قوانین سخت کیے جائیں گے اور انھیں کہاجائے گا کہ مساجد میں انگریزی میں گفتگو کریں۔

دوسری جانب مساجد میں غیرملکی زبانوں میں خطبات کی وجہ سے مسلمانوں اور برطانوی معاشرے میں فاصلے بڑھنے پر حکومت کی تشویش کے پیش نظر کاؤنٹرٹیررازم ٹاسک فورس نے اپنی سفارشات میں یہ تجاویز پیش کی ہیں۔ سنڈے ٹیلی گراف کے مطابق حکمت عملی کے ایک نکتے کے تحت مساجد کے غیرملکی پیش اماموں کیلیے لائسنسنگ قواعد کوبھی سخت کیاجائے گا۔ غیرملکی پیش امام کیلیے انگلش میں بات چیت کااہل ہونا بھی لازمی ہوگا۔

مذہبی آزادی کے پیش نظر اس وقت برطانیہ میں موجود پیش اماموں پر ان سخت قواعد کا اطلاق نہیں ہوگا۔وزرا کا کہنا ہے کہ زبان سے متعلق نئے قواعد سے اسلامی انتہاپسندی سے نمٹنے میں مدد ملے گی جبکہ ذرائع کے مطابق اگر پیش امام ایک غیرملکی زبان میں خطبہ یا گفتگو کررہا ہے تو یہ جاننا مشکل ہے کہ انتہاپسندی کوفروغ دیا جا رہا ہے۔