لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) اے ٹی ایم فراڈ کرنے والے گروہ نے سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ کے بینک اکاونٹ سے لاکھوں روپے نکال کر اسے خالی کر دیا۔
اپنی ٹویٹ میں رابی نے نجی بینک کے ناقص سیکیورٹی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بینک جیسا بڑا ادارہ بھی چوری نہیں روک سکتا، آج سیاحتی مقام مری میں جب اے ٹی ایم کارڈ استعمال کیا تو پتا چلا کہ میرا بیلنس صفر تھا جس کے بعد بینک فون کیا تو معلوم ہوا کہ کسی نے لاہور میں جعلی اے ٹی ایم کے ذریعے میرے بینک اکاؤنٹ سے تمام پیسے نکال لیے ہیں۔
رابی پیرزادہ نے اپنے مداحوں کو تنبیہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر آپ کا اکاؤنٹ اسی بینک میں ہے تو احتیاط کریں۔
رابی پیرزادہ نے چوری سے متعلق قرآن پاک کی سورہ العمران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’اس دنیا میں تو ہم شاید کسی سے دھوکا کرکے چند لمحات خوشی کے گزار لیں گے مگر آخرت میں ایسے لوگوں کے لیے دردناک عذاب ہے، کاش لوگ میری بات سمجھ سکیں کیوں کہ دنیا کی زندگی تو محض دھوکے کا سامان ہے‘‘۔